جرمنی کا آبنائے ہرمز میں ممکنہ آپریشن کیلئے مائن سویپر جہاز بھیجنے کا فیصلہ
جنگ بندی، قانونی اجازت اور پارلیمانی منظوری کو تعیناتی کی شرط قرار دیا گیا
جرمنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر آبنائے ہرمز میں آپریشن کی تیاری کے لیے بحیرہ روم میں مائن سویپر جنگی جہاز تعینات کرے گا۔
جرمن وزیر دفاع بورس پسٹوریئس نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس مائن سویپر کے ساتھ ایک کمانڈ اور سپلائی جہاز بھی تعینات کیا جائے گا، تاہم روانگی کی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی۔
خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق وزیر دفاع نے کہا کہ کسی بھی تعیناتی کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان مستقل جنگ بندی، بین الاقوامی قانون کے تحت قانونی فریم ورک اور جرمن پارلیمنٹ (بنڈسٹاگ) کی منظوری ضروری ہوگی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیٹو اتحادیوں پر ایران کے خلاف کارروائیوں میں شامل نہ ہونے پر تنقید کرتے رہے ہیں۔
بورس پسٹوریئس نے کہا کہ بارودی سرنگوں کی صفائی کے حوالے سے جرمنی کی بحری صلاحیت مضبوط ہے اور اس شعبے میں ملک روایتی طور پر نیٹو کے اندر اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔