ٹرمپ پر قاتلانہ حملوں اور دھمکیوں کی تاریخ

سب سے خطرناک واقعہ جولائی 2024 میں پنسلوانیا میں ایک ریلی کے دوران پیش آیا

               
April 26, 2026 · بام دنیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی صدارت اور انتخابی مہم کے دوران متعدد قاتلانہ حملوں اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا رہا ہے۔

سب سے خطرناک واقعہ جولائی 2024 میں پنسلوانیا کے شہر بٹلر میں ایک ریلی کے دوران پیش آیا، جب ایک حملہ آور نے قریبی عمارت کی چھت پر پوزیشن لے کر اس وقت کے صدارتی امیدوار پر فائرنگ کی کوشش کی۔ اس حملے میں ایک راہگیر ہلاک ہوا جبکہ ٹرمپ کے کان کو معمولی چوٹ آئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی میں 20 سالہ حملہ آور تھامس کروک کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔

چند ماہ بعد ستمبر میں فلوریڈا کے ویسٹ پام بیچ میں واقع ٹرمپ کے گولف کورس کے قریب ایک مسلح شخص راین روتھ نے مبینہ طور پر انہیں قتل کرنے کی کوشش کی۔ حکام کے مطابق وہ کئی ہفتوں سے منصوبہ بندی کر رہا تھا، تاہم سیکرٹ سروس اہلکاروں نے بروقت اسے دیکھ لیا اور فائرنگ سے قبل ہی گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

اسی طرح فروری میں 21 سالہ شخص آسٹن ٹکر مارٹنکو فلوریڈا کے مارا-لاگو ریزورٹ میں داخل ہونے کے بعد ہلاک کر دیا گیا، تاہم اس وقت صدر وہاں موجود نہیں تھے۔