عمان، ایران تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ اسماعیل بقائی

ایران خلیج فارس کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ترجمان

               
April 26, 2026 · بام دنیا

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ’عمان اور ایران کے تعلقات خطے کے جنوبی ممالک کے ساتھ ایران کی جانب سے باہمی احترام اور مفاد پر مبنی تعلقات کے حقیقی عزم کی مثال ہیں۔

ایکس پر جاری بیان میں انھوں نے یہ بات ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ دورے پر عمان پہنچنے پر کہی۔

اسماعیل بقائی نے لکھا کہ کہ یہ دورہ وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا حالیہ امریکہ اسرائیل کشیدگی کے بعد خطے کا پہلا دورہ ہے جس نے وسیع تر خطے کو ایک اہم پیغام دیا ہے۔

بقائی کے مطابق ایران خلیج فارس کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور باہمی اعتماد اور تعمیری تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیرِ خارجہ عباس عراقچی ایک سفارتی وفد کے ہمراہ سنیچر کی شب پاکستان کے دورے کے بعد رات مسقط پہنچے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق وہ عمانی اعلیٰ حکام کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ نے بتایا ہے کہ عراقچی عمان کے دورے کے بعد اور روس جانے سے قبل دوبارہ پاکستان کا بھی دورہ کریں گے۔