پاکستانی قیادت قابلِ احترام ہے۔فیلڈ مارشل اور وزیراعظم بہت اچھے ہیں۔ ٹرمپ
عالمی تنازعات کو روکنے میں کردار ادا کیا،پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بھی شامل تھی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے نیک جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان، اس کی قیادت اور عسکری حکام کا بہت احترام کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد عالمی تنازعات کو روکنے میں کردار ادا کیا، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بھی شامل تھی، جو ان کے بقول ایک خطرناک مرحلے تک پہنچ چکی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس دوران کئی قیمتی جانیں بچائی گئیں۔
ایران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ موجودہ کشیدگی جلد ختم ہو سکتی ہے اور اگر ایران مذاکرات چاہتا ہے تو براہِ راست رابطہ کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ بات چیت میں بعض معاملات پیچیدہ ہیں تاہم امید ہے کہ دانشمندانہ فیصلہ سامنے آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے افزودہ یورینیم کا مسئلہ بھی مذاکرات کا اہم حصہ ہے اور اس حوالے سے پیش رفت کی توقع ہے۔ چین کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سے مکمل طور پر مایوس نہیں لیکن مزید تعاون کی گنجائش موجود ہے۔