نیتن یاہو کیخلاف 2سابق وزرائے اعظم کا سیاسی اتحاد سامنے آگیا

اپنی سیاسی جماعتوں کو ضم کر کے “ٹوگیدر” کے نام سے نئی جماعت بنانے کا فیصلہ

               
April 27, 2026 · بام دنیا

تل ابیب میں سیاسی صورتحال اس وقت تیزی سے بدل رہی ہے جہاں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے دو سابق وزرائے اعظم نے انتخابی اتحاد قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دائیں بازو کے رہنما نفتالی بینیٹ اور وسطی سیاسی دھڑے سے تعلق رکھنے والے یائیر لیپیڈ نے اپنی سیاسی جماعتوں کو ضم کر کے “ٹوگیدر” کے نام سے نئی جماعت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ وہ اسرائیل کے مستقبل اور نئی سیاسی سمت کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کو نیتن یاہو کے دور سے آگے لے جایا جائے۔
یاد رہے کہ بنیامین نیتن یاہو اسرائیل کے طویل ترین عرصے تک خدمات انجام دینے والے وزرائے اعظم میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے حالیہ دور میں غزہ میں جنگ، جنوبی لبنان میں کارروائیاں اور ایران کے ساتھ کشیدگی جیسے اہم علاقائی معاملات نمایاں رہے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق رائے عامہ میں تبدیلی اور سکیورٹی صورتحال پر تنقید کے باعث آنے والے انتخابات میں نیتن یاہو کو سخت سیاسی چیلنج کا سامنا ہو سکتا ہے۔