امریکی پابندیوں کے بعد چینی آئل کمپنی کے شیئرز میں بڑی کمی
کمپنی نے ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کے کاروباری تعلقات کی تردید کردی
چین کی بڑی آزاد ریفائنری کمپنی ہینگلی پیٹرو کیمیکل کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں آج صبح 10 فیصد کمی دیکھی گئی ہے، جس کی وجہ امریکہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے اس کمپنی پر ایران سے تیل خریدنے کے الزام میں عائد کردہ پابندیاں بتائی جا رہی ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے کہا ہے کہ یہ کمپنی ایران کے خام تیل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی بڑی خریداروں میں شامل ہے اور اربوں ڈالر مالیت کا ایرانی تیل خرید چکی ہے۔
تاہم کمپنی نے ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کے کاروباری تعلقات کی تردید کی ہے۔
چین نے ان پابندیوں کو “غیر قانونی” اور یکطرفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ تجارت اور ٹیکنالوجی کے معاملات کو سیاسی رنگ دے رہا ہے۔ بیجنگ نے واشنگٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چینی کمپنیوں کے خلاف مختلف پابندیوں کے غلط استعمال کو فوری طور پر بند کرے۔