عازمین کی سیفٹی۔سکیورٹی کے لیے حج پرمٹ لازمی قرار۔ سعودی حکام
عازمین کو آسانی اور سہولت کے ساتھ مناسک کی ادائیگی میں مدد ملتی ہے
سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ کہا ہے کہ عازمین کی سیفٹی اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے حج پرمٹ کی پابندی ضروری ہے۔
وزارتِ حج نے گزشتہ روز بیان میں کہا کہ ضوابط پر عمل درآمد کرنے سے عازمین کو آسانی اور سہولت کے ساتھ مناسک کی ادائیگی میں مدد ملتی ہے جبکہ حج سیزن کے دوران منظم موومنٹ اور استحکام کو بھی فروغ ملتا ہے۔ وزارت نے کہا کہ پرمٹ کا مقصد ازدحام کو منظم کرتے ہوئے عازمین کو بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
وزارت نے حج قوانین و ضوابط پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی نہ صرف سخت سزاؤں کا باعث بنتی ہیں بلکہ عازمین کی سلامتی اور خدمات کی موثر فراہمی کو بھی خطرے میں ڈالتی ہیں۔ وزارت نے سوشل میڈیا پرغیر قانونی طور پر حج خدمات فراہم کرنے کے دعوئوں اور گمراہ کن اشتہارات سے بھی خبردار کیا ہے۔