امریکی وزیرخارجہ نے آبنائے ہرمز کو معاشی جوہری ہتھیار کے مترادف قرار دیدیا
ایران اسے دنیا کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ مارکو روبیو
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے آبنائے ہرمز کو ’معاشی جوہری ہتھیار کے مترادف‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اسے دنیا کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
امریکی ٹیلی وژن چینل فاکس نیوز کو انٹرویو میں مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ’ایران فخر سے یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ وہ دنیا کی 20 سے 25 فیصد توانائی کو یرغمال بنا کر رکھ سکتا ہے۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ تصور کریں اگر ایران کو جوہری ہتھیار تک رسائی مل گئی ’تو وہ پورے خطے کو یرغمال بنا لے گا۔
مارکو روبیو نے کہا کہ انھیں امید ہے اس تنازع کے بعد پوری دنیا کو ایران سے لاحق خطرے کا اندازہ ہوگیا ہوگا۔ ان کے مطابق ایران دنیا کے ساتھ جو کچھ جوہری ہتھیار کے ذریعے کرنا چاہتا ہے، وہی وہ اس وقت تیل کے ذریعے کر رہا ہے۔
انٹرویو میں مارکو روبیو نے کہا کہ ان کے خیال میں ایران اس صورتحال سے نکلنے کے بارے میں سنجیدہ ہے جس میں وہ پھنسا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنازع کے آغاز سے پہلے ایران کو جن مسائل کا سامنا تھا وہ اب بھی موجود ہیں یا مزید بڑھ چکے ہیں، تاہم اب اس کے پاس پہلے کے مقابلے میں آدھے میزائل رہ گئے ہیں، کوئی فیکٹری باقی نہیں رہی اور اس کی بحریہ بھی ختم ہو چکی ہے۔
انٹرویو میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کی حکومت میں تمام عناصر سخت گیر ہیں، لیکن ان میں کچھ ایسے بھی ہیں جو یہ سمجھتے ہیں کہ انھیں ایک ملک اور معیشت چلانی ہے۔