جنگ بندی کے بعد سعودی عرب میں ایرانی حجاج کی محدود آمد کا آغاز

31 ہزار ایرانی زائرین سعودی عرب آئیں گے۔گزشتہ برس 90ہزار تعداد تھی۔سعودی میڈیا

               
April 28, 2026 · بام دنیا

ایران جنگ کے دوران ریاض اور تہران کے درمیان تعلقات میں بگاڑ کے باوجود حج کی ادائیگی کے لیے ایرانی زائرین سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔

محدود تعداد میں ایرانی حجاج کی سعودی عرب آمد 25 اپریل سے شروع ہوئی ہے۔ایرانی عازمین کا دوسرا قافلہ آج مدینہ منورہ پہنچے گا۔ سعودی میڈیا کے مطابق تقریباً 31 ہزار ایرانی زائرین سعودی عرب آئیں گے، یہ تعداد گذشتہ برس کے مقابلے میں تقریباً ایک تہائی ہے۔ گذشتہ سال حج کے لیے تقریباً 90 ہزار ایرانی حجاج آئے تھے۔

امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد ایران نے سعودی عرب سمیت کئی خلیجی ممالک پر میزائل اور ڈرون حملے کیے تھے۔ ان حملوں کے باعث سعودی عرب اور ایران کے تعلقات میں کشیدگی آ گئی تھی، ریاض نے مارچ میں ایران کے سفیر کو طلب کر کے ان حملوں کی مذمت کی۔

دونوں ممالک نے سنہ 2023 میں چین کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کے تحت سفارتی تعلقات بحال کیے تھے، تاہم جنگ سے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت متاثر ہوئی، سعودی حکام کا کہنا تھا کہ تہران کے ساتھ جو محدود اعتماد بحال ہوا تھا وہ ٹوٹ چکا ہے۔