ہم ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دیں گے۔ صدر ٹرمپ

شاہ چارلس بھی ایران کو جوہری ہتھیار سے محروم رکھنے پر متفق ہیں۔ ٹرمپ کا دعویٰ

               
April 29, 2026 · بام دنیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’ہم اس حریف (ایران) کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دیں گے۔
برطانوی بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا پارکر کے اعزاز میں دیے گئے سرکاری عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم نے اس مخصوص حریف کو عسکری طور پر شکست دے دی ہے۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہ چارلس بھی ایران کو جوہری ہتھیار سے محروم رکھنے پر متفق ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکہ اور برطانیہ ہمیشہ ’کمیونزم، فاشزم اور جبر کی قوتوں کے خلاف‘ ڈٹ کر کھڑے رہے اور سرخرو ہوئے۔

اس سے قبل سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکہ کو پیغام دیا ہے کہ وہ شدید دباؤ کا شکار ہے اور فوری ریلیف چاہتا ہے۔  امریکی صدر نے کہا کہ ایران چاہتا ہے کہ آبنائے ہرمز کو جلد از جلد کھول دیا جائے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے یہ تجویز سامنے آئی کہ پہلے آبنائے ہرمز کھولی جائے اور بعد میں جوہری پروگرام پر مذاکرات کیے جائیں، تاہم ٹرمپ انتظامیہ اس تجویز کو قبول کرنے کے حق میں نہیں۔
ادھر سی این این کا کہنا ہے کہ بظاہر کشیدہ تعلقات کے باوجود امریکہ اور ایران کے درمیان پس پردہ سفارت کاری تیزی سے جاری ہے، جس سے کسی ممکنہ پیش رفت کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
یاد رہے کہ ایران نے پاکستان کے ذریعے امریکہ کو نئی تجاویز بھی بھجوائی ہیں، جن میں ابتدائی جنگ بندی اور بعد ازاں مستقل امن کی ضمانت شامل ہے۔ ایرانی مؤقف کے مطابق آبنائے ہرمز کی بحالی کو امریکی پابندیوں کے خاتمے سے مشروط کیا گیا ہے، جبکہ مستقبل میں جوہری پروگرام پر بات چیت کے لیے ایران کے پرامن افزودگی کے حق کو تسلیم کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔