آبنائے ہرمز کو سیاسی ہتھیار نہیں بنایا جا سکتا۔ قطر
امریکہ اور ایران کے درمیان جاری امن مذاکرات تعطل کا شکار ہیں
قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کسی بھی صورت میں سیاسی سودے بازی یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری امن مذاکرات تعطل کا شکار ہیں، لیکن اس دوران اس اہم آبی گزرگاہ کو کسی سیاسی مقصد کے لیے استعمال کرنا “ناقابلِ قبول” ہے۔
ترجمان کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے اور اس کی بندش یا اسے دباؤ کے طور پر استعمال کرنے سے عالمی معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ خطے میں استحکام کے لیے تمام فریقین کو مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنا چاہیے اور کسی بھی قسم کی کشیدگی سے گریز کرنا چاہیے۔