شمالی لندن میں چاقو کے حملے میں 2 یہودی شدید زخمی
یہودی کمیونٹی کی سیکیورٹی تنظیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو قابو میں کر لیا۔
فوٹو سوشل میڈیا
لندن :شمالی لندن کے علاقے گولڈرز گرین میں ملزم نے مبینہ طور پر یہودی افراد کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔
یہودی کمیونٹی کی سیکیورٹی تنظیم شومریم کے مطابق انھوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو قابو میں کر لیا۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ بعد ازاں پولیس موقع پر پہنچی جہاں ایک شخص کو ٹیزر کے ذریعے قابو کر کے گرفتار کر لیا گیا۔
حملے میں 2 یہودی مردوں کو چاقو کے وار سے شدید زخمی کیا گیا، جنھیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
مقامی رہائشی گیڈیل وائن برگ کے مطابق یہ حملہ تقریباً ان کے گھر کے باہر پیش آیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس اور ایمبولینسوں کی آمد کی آواز سن کر انھیں واقعے کا علم ہوا۔
انھوں نے بتایا کہ ایک چاقو حملہ زنی گولڈرز گرین روڈ پر دکانوں کے باہر ہوا، جبکہ دوسرا حملہ یہودی عبادت گاہ کے باہر کیا گیا۔
ان کے مطابق ان کی سڑک کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے اور مسلح پولیس موقع پر موجود ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اسی مقام کے قریب ہٹزولا کی ایمبولینسز کو نذرِ آتش کیے جانے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔