سینیٹر نے پینٹاگون کی خفیہ بریفنگ سےمتعلق معلومات ٹی وی پر غلط انداز میں پیش کیں۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے ڈیموکریٹک سینیٹر مارک کیلی کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ کے باعث امریکی اسلحہ ذخائر نمایاں طور پر کم ہو گئے ہیں۔
پیٹ ہیگستھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ “کیپٹن مارک کیلی ایک بار پھر غلط بیانی کر رہے ہیں”۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سینیٹر نے پینٹاگون کی خفیہ بریفنگ سے متعلق معلومات ٹی وی پر غلط انداز میں پیش کیں۔
اس سے قبل مارک کیلی نے سی بی ایس کو انٹرویو میں کہا تھا کہ پینٹاگون نے انہیں بریفنگ میں بتایا کہ امریکا نے بڑی مقدار میں اسلحہ استعمال کیا ہے، جس سے ملک کی دفاعی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلحہ ذخائر کی بحالی میں کئی سال لگ سکتے ہیں اور یہ صورتحال چین کے ساتھ کسی ممکنہ تنازع سے نمٹنے کی صلاحیت کیلئے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔