وائس چانسلر سمیت گوادر یونیورسٹی عملہ کے 4 ارکان لاپتہ۔اغوا کا خدشہ

ممکنہ طور پر سرکاری گاڑی سمیت مستونگ اور قلات کے قریب اغوا کیا گیا

May 14, 2026 · قومی

تصویر: سوشل میڈیا

 

گوادر یونیورسٹی میں وائس چانسلر سمیت عملے کے 4 افراد لاپتہ ہوگئے۔پولیس کے مطابق مستونگ میں وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر سمیت 4 افراد لاپتہ ہیں جن میں لیکچرار اور ڈرائیور بھی شامل ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق ، وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد میٹنگ کیلئے گوادر سے کوئٹہ جاتے ہوئے لاپتہ ہوئے، دونوں اعلیٰ عہدیدار سرکاری گاڑی میں کوئٹہ جا رہے تھے۔ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر دونوں کو سرکاری گاڑی سمیت مستونگ اور قلات کے قریب اغوا کیا گیا۔

وی سی کی سرگاری گاڑی منگچراورکھڈکوچہ کی سرحد پر کنڈعمرانی میں بدرنگ کے مقام پر روکی گئی۔

ڈی سی مستونگ بہرام سلیم نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی فیملیز سے رابطے میں ہیں۔ڈی سی کے مطابق ، بتایا جارہا ہے دونوں افسران کا مستونگ کے آس پاس پہنچنے کے بعد رابطہ منقطع ہوا۔ ہماری پوری کوشش ہے دونوں افسران کا پتہ لگایا جاسکے۔پولیس کا کہناہے کہ واقعے میں ایک لیکچرار اور گاڑی کا ڈرائیور بھی لاپتہ ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق مغویوں کی بازیابی کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔