امریکا نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو اہم اور کلیدی شراکت دار قرار دے دیا

افغانستان امریکی نگرانی کی فہرست میں بدستور پہلے نمبر  پر ہے،ایڈمرل بریڈ کوپر

فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو اہم اور کلیدی شراکت دار قرار دیدیا۔

امریکی سینیٹ کی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ دہشتگرد سرگرمیوں اور سکیورٹی خطرات کے باعث افغانستان واشنگٹن کی توجہ کا محور ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان امریکی نگرانی کی فہرست میں بدستور پہلے نمبر  پر ہے، وسطی ایشیائی شراکت دار بھی افغانستان سے دہشتگردی کے خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان انسدادِ دہشتگردی کا ایک قابلِ اعتماد شراکت دار ہے، پاکستان خطے میں داعش خراسان کے خلاف جنگ میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے  اور پاکستان کے ساتھ فوجی شراکت داری سے دہشتگردوں کے خلاف ٹھوس نتائج حاصل ہوئے۔

ایڈمرل بریڈ کوپر کا مزید کہنا تھا کہ یہ کامیابیاں پاکستان اور امریکا کی دوستی اور مشترکہ عزم کا براہِ راست مظہر ہیں، امریکا نے دہشتگردی کے خلاف کوششوں میں پاکستان کو اہم اور کلیدی شراکت دار قرار دے دیا ۔