ایران کا عراقی سرحد پر کارروائی کا دعویٰ ، امریکی ہتھیاروں کی بڑی کھیپ ضبط

شمالی عراق سے منسلک سرحدی علاقے میں امریکا اور اسرائیل نواز 'دہشت گردوں' پر حملہ کیا گیا، پاسدارانِ انقلاب

فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران : ایران کی سیکیورٹی فورسز نے عراقی سرحد کے قریب امریکا اور اسرائیل کے حمایت یافتہ مبینہ ‘دہشت گرد گروپوں’ پر کاری ضرب لگائی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق، سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی (IRGC) کے ‘حمزہ سید الشہدا کمانڈ’ کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی ایران کے صوبہ کردستان کے سرحدی علاقوں میں کی گئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کاؤنٹر ریولیوشنری (انقلاب دشمن) گروہوں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ سرحد پار سے امریکی ساختہ سیل بند ہتھیاروں اور گولہ بارود کی ایک بڑی کھیپ ایران میں اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ‘فارس نیوز’ کی رپورٹ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی اس کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ کر دیا گیا ہے اور موقع سے بھاری مقدار میں جدید ترین امریکی اسلحہ، خودکار رائفلیں اور دیگر فوجی سازوسامان قبضے میں لے کر سیل کر دیا گیا ہے۔