قومی اتحاد اور پائیدار سکیورٹی ملکی مفادات کے لیے ضروری ہیں، ایرانی سپریم لیڈر
جنگ کے تناظر میں معاشی استحکام، عوامی فلاح، قومی اتحاد اور پائیدار سکیورٹی ملک کی اہم ترجیحات ہیں
قومی اتحاد اور پائیدار سکیورٹی ملکی مفادات کے لیے ضروری ہیں، ایرانی سپریم لیڈر
ایران کے سپریم لیڈر سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے تناظر میں معاشی استحکام، عوامی فلاح، قومی اتحاد اور پائیدار سکیورٹی کو ملک کی اہم ترجیحات قرار دیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق سپریم لیڈر نے صدر مسعود پزشکیان، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژه ای اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں ملکی صورت حال اور قومی مفادات کے تحفظ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران عوام کی بنیادی ضروریات، جنگ کے اثرات، فوجی صورت حال، روزگار، رہائش اور بیرونی اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ملکی کرنسی، زرمبادلہ کے انتظام اور توانائی کے وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرنے کے معاملات بھی زیر غور آئے۔
صدر پزشکیان نے توانائی کے استعمال میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سردیوں کے موسم میں گیس اور بجلی کی فراہمی میں تعطل سے بچنے کے لیے بروقت اقدامات کرنا ضروری ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی قیادت نے موجودہ حالات میں عوامی ضروریات پوری کرنے، معیشت کو مستحکم رکھنے اور قومی اتحاد برقرار رکھنے کو خاص اہمیت دی ہے۔ ایران کو جنگی صورت حال کے ساتھ معاشی دباؤ اور توانائی سے متعلق مسائل کا بھی سامنا ہے، ایسے میں ملکی وسائل کے مؤثر استعمال اور عوامی فلاح کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ایرانی قیادت کے مطابق قومی اتحاد، پائیدار سکیورٹی اور معاشی استحکام ملک کے مفادات کے تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔