آسٹریلیا میں ڈیزل کی طلب ریکارڈ سطح کے قریب پہنچ گئی
ایران جنگ کے باعث عالمی سپلائی بحران کے باوجود کھپت میں اضافہ جاری ہے۔
آسٹریلیا میں ڈیزل کی کھپت نے تقریباً ریکارڈ سطح کو چھو لیا ہے، یہ اضافہ جنگ کے باعث عالمی سپلائی میں پیدا ہونے والی مشکلات کے باوجود سامنے آیا ہے۔
حال ہی میں جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق مارچ کے مہینے میں آسٹریلیا نے “تقریباً تاریخ کی بلند ترین سطح کے برابر” ڈیزل استعمال کیا، حالانکہ اسی دوران قیمتوں میں تیزی سے اضافہ اور ممکنہ قلت کا خدشہ بھی موجود تھا۔
ماحولیاتی پالیسی کے تجزیہ کار ٹم بیکسٹر نے کہا کہ مارچ میں آسٹریلیا میں ریٹیل ڈیزل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا اور یہ قیمتیں معمول سے تقریباً 50 فیصد زیادہ رہیں۔
اس کے باوجود ڈیزل کی طلب میں اضافہ جاری رہا، جبکہ صارفین کی جانب سے ذخیرہ اندوزی کا کردار نہ ہونے کے برابر تھا۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا اپنی تقریباً 90 فیصد پیٹرول اور ڈیزل درآمد کرتا ہے، جس کا بڑا حصہ جنوب مشرقی ایشیا کی ریفائنریوں سے آتا ہے، جو خام تیل آبنائے ہرمز کے راستے حاصل کرتی ہیں۔
ٹم بیکسٹر نے کہا کہ امریکہ کے ایران پر حملوں کے بعد آسٹریلیا ڈیزل سپلائی میں رکاوٹوں کے حوالے سے خاص طور پر کمزور ہو گیا ہے۔