روس کا یوکرین پر ہائپر سونک میزائلوں سے بڑا حملہ

دارالحکومت میں شدید دھماکے، شہری زیر زمین پناہ گاہوں میں منتقل ہو گئے

May 24, 2026 · بام دنیا

روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے، جب روس نے یوکرین پر ہائپر سونک میزائلوں اور ڈرونز سے بڑے پیمانے پر حملے کیے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی افواج نے یوکرینی دارالحکومت کیف اور جنوبی بندرگاہی شہر اوڈیسا کو نشانہ بنایا۔

رپورٹ کے مطابق کیف پر ہائپر سونک اور دیگر میزائل داغے گئے، جس کے باعث شہر میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جو کئی کلومیٹر دور تک محسوس کی گئیں۔ حملوں کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے محفوظ رہنے کے لیے زیر زمین میٹرو اسٹیشنز میں پناہ لی۔

یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب روس نے الزام عائد کیا تھا کہ یوکرین نے لوہانسک ریجن میں ایک اسکول ہاسٹل پر حملہ کیا ہے، جس میں 21 افراد ہلاک اور 63 زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے فوج کو سخت ردعمل کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا تھا۔