مناسک حج کے دوران مکہ مکرمہ میں سخت گرمی کی پیشگوئی

مدینہ منورہ میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

May 24, 2026 · بام دنیا

سعودی محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مناسک حج کے دوران مکہ مکرمہ میں سخت گرمی کا امکان ہے اور 25 مئی تک درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق مدینہ منورہ میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہےکہ مناسک حج کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد رہے گا اور کھلے علاقوں میں گرد آلود ہوا چلنےکا امکان ہے۔ سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق جیزان، عسیر الباحہ اور مکہ کے پہاڑی علاقوں میں طوفان اور بارش کا بھی امکان ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حکام نے اپیل کی ہے کہ عازمین حج ہدایات پر عمل کریں اور زیادہ مقدار میں پانی کا استعمال کرکے سخت گرمی میں پانی کی کمی سے بچنےکی کوشش کریں اور رہنما حفاظتی اصولوں پر ہر حال میں عمل کریں۔

سعودی حکام کے مطابق جمعہ کی دوپہر تک بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کر چکی تھی، جن میں سے 14 لاکھ 57 ہزار سے زیادہ فضائی راستے سے پہنچے۔