روس کا ڈرونز اور میزائلوں سےکیف پر حملہ،4 افراد ہلاک،80 سے زائد زخمی

روس نے مجموعی طور پر 90 میزائل اور 600 ڈرون فائر کیے،یوکرینی فضائیہ

May 24, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

کیف: روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے اطراف میں ڈرونز اور میزائلوں سے بڑے پیمانے پر حملہ کیا، جس میں اوریشنک ہائپر سونک میزائل بھی شامل تھا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یوکرینی حکام نے بتایا کہ رات بھر جاری رہنے والے حملوں میں کم از کم 4 افراد ہلاک جبکہ 80 سے زائد زخمی ہوئے، حملوں کے نتیجے میں متعدد رہائشی عمارتوں اور کئی اسکولوں کو بھی نقصان پہنچا۔

رپورٹس کے مطابق فروری 2022 میں جنگ کے آغاز کے بعد یہ تیسرا موقع ہے کہ روس نے یوکرین کے خلاف اوریشنک میزائل استعمال کیا ہے، اس میزائل کی رینج ہزاروں کلومیٹر تک بتائی جاتی ہے اور یہ جوہری وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

ولادیمیر زلنسکی کے مطابق حالیہ حملہ کیف کے قریب واقع شہر بیلا تسیرکوا پر کیا گیا، جس کی آبادی تقریباً دو لاکھ افراد پر مشتمل ہے اور یہ دارالحکومت سے تقریباً 64 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے مجموعی طور پر 90 میزائل اور 600 ڈرون فائر کیے، جبکہ روسی مؤقف کے مطابق یہ کارروائی یوکرین کی جانب سے روس میں شہری اہداف پر حملوں کے جواب میں کی گئی۔

روسی میڈیا کے مطابق وزارت دفاع نے کہا ہے کہ حملوں میں یوکرین کی فوجی کمانڈ تنصیبات، فضائی اڈوں، زمینی افواج، فوجی انٹیلی جنس مراکز اور دفاعی صنعت سے وابستہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔