ایران سے ممکنہ معاہدہ: ڈیموکریٹس نے ٹرمپ کو بےوقوف قرار دے دیا
جنگ شروع ہی سے ایک بڑی غلطی تھی ، ٹرمپ پر شدید تنقید
فائل فوٹو
واشنگٹن: امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اندرون ملک شدید سیاسی مخالفت کا سامنا ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکینِ پارلیمنٹ نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان زیرِ بحث ممکنہ معاہدے پر ٹرمپ انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ امریکہ کو جنگ شروع ہونے سے پہلے کی نسبت مزید بدتر پوزیشن میں دھکیل دے گا۔
ریاست میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک سینیٹر کرس وین ہولن نے ‘فاکس نیوز’ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ شروع ہی سے ایک بہت بڑی غلطی تھی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ زیرِ بحث ممکنہ معاہدے کے نتیجے میں ایران کو آبنائے ہرمز میں پہلے سے بھی زیادہ کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔
سینیٹر ہولن نے ٹرمپ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہجب آپ خود کو کسی گڑھے میں گرا ہوا پائیں، تو سب سے پہلا کام یہ کرنا چاہیے کہ مزید گڑھا کھودنا بند کر دیں۔
دوسری جانب، ریاست نیو جرسی سے ڈیموکریٹک سینیٹر کوری بوکر نے ‘سی این این’ (CNN) پر اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر حیران ہیں کہ اس ممکنہ معاہدے میں ایران کے جوہری پروگرام کا سرے سے کوئی ذکر ہی نہیں ہے۔
انہوں نے صدر ٹرمپ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے ہمیں ایک ایسی صورتحال میں لا کھڑا کیا ہے جو پہلے سے بھی بدتر ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک بے وقوف کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے اور وہ بن بھی رہے ہیں۔