حزب اللہ لبنان کو دوبارہ تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے۔مارکو روبیو
امریکہ نے لبنانی حکومت کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعلان کردیا
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے حزب اللہ پر لبنان کو غیر مستحکم کرنے کی دانستہ مہم چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے لبنانی حکومت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
مارکو روبیو نے اپنے بیان میں کہا کہ حزب اللہ جنوبی لبنان میں موجود اسرائیلی فوج کے خلاف کارروائیوں کے ذریعے ملک کو دوبارہ بدامنی اور تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے۔
دوسری جانب حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اتوار کو لبنانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ “مزاحمت کو مجرمانہ قرار دینے” سے متعلق اپنے فیصلے واپس لے۔ انہوں نے حزب اللہ سے وابستہ عہدیداروں پر حالیہ امریکی پابندیوں کو مسترد نہ کرنے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
اپنے بیان میں روبیو نے لبنانی حکومت اور اس کی بحالی، تعمیر نو، بین الاقوامی امداد اور شہریوں کے لیے مستحکم مستقبل کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اس سلسلے میں لبنان کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس کے برعکس حزب اللہ لبنان کو دوبارہ افراتفری اور تباہی کی طرف لے جانے کی کوشش کر رہی ہے۔