مناسکِ حج کا آغاز۔ منیٰ میں لبیک کی صدائیں بلند ہونے لگیں

وقوفِ عرفہ کی ادائیگی کل ہوگی، درجہ حرارت 47 ڈگری تک جانے کا امکان

May 25, 2026 · بام دنیا

دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمینِ حج نے مناسکِ حج کا آغاز کرتے ہوئے خیموں کے شہر منیٰ کی جانب سفر شروع کر دیا، جہاں ہر طرف لبیک اللہم لبیک کی صدائیں اور روح پرور مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
حجاج کرام کی منیٰ آمد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جبکہ تمام عازمین پیر اور منگل کی درمیانی شب منیٰ میں قیام کریں گے۔ اس کے بعد 9 ذی الحج کو حجاج کرام حج کے رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کی ادائیگی کیلئے میدانِ عرفات روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ حج کے دنوں میں مکہ مکرمہ اور گرد و نواح میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فضا میں نمی کا تناسب تقریباً 40 فیصد رہنے اور بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
سعودی حکام نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھوپ میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں اور حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے حجاج کرام کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، جن میں بڑی تعداد فضائی راستے کے ذریعے سعودی عرب پہنچی۔
ادھر مقدس مقامات پر عازمین کی سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں سایہ دار مقامات، کولنگ فینز، ٹھنڈے پانی کی فراہمی اور طبی سہولتوں میں اضافہ شامل ہے تاکہ حجاج کو عبادات کے دوران زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔