ایران جنگ کے توانائی جھٹکوں کے باعث شرح سود بڑھانے کا مطالبہ
توانائی بحران اور مہنگائی، ای سی بی پالیسی میں سختی کا امکان
یورپی مرکزی بینک کی رکن اسابیل شنابل نے کہا ہے کہ ایران پر جاری جنگ کے باعث پیدا ہونے والے توانائی کے اثرات کے پیش نظر آئندہ ماہ شرح سود میں اضافہ ضروری ہوسکتا ہے، چاہے ایران سے امن مذاکرات کسی معاہدے تک ہی کیوں نہ پہنچ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے شرح سود کو برقرار رکھا گیا ہے، تاہم گزشتہ ماہ بھی اس میں اضافے پر غور کیا گیا تھا کیونکہ توانائی کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا اور مہنگائی 2 فیصد کے ہدف سے کافی اوپر چلی گئی ہے۔
ای سی بی پالیسی سازوں کے مطابق توانائی بحران کے باعث معیشت پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور مزید سخت اقدامات کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
اسابیل شنابل نے روئٹرز کو بتایا کہ توانائی بحران کی شدت اور تسلسل کو دیکھتے ہوئے آئندہ ماہ شرح سود میں اضافہ ناگزیر دکھائی دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران جنگ کے باعث توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان نے معاشی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، جس سے یورپی معیشت پر دیرپا اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔