واشنگٹن میں لبنانی اور اسرائیلی فوجی حکام کے اہم مذاکرات آج ہونگے
جنوبی لبنان میں حملے جاری، امریکہ میں سیکیورٹی بات چیت متوقع ہے
جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں کے دوران اسرائیلی اور لبنانی فوجی حکام آج واشنگٹن میں مذاکرات کریں گے۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان اور اسرائیل کے فوجی حکام آج واشنگٹن ڈی سی میں اپنی پہلی سکیورٹی بات چیت کریں گے، جبکہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں اور پیش قدمی کو روکنے کی کوششیں کمزور پڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ لبنان اور اسرائیل نے اپریل کے وسط میں طے پانے والی جنگ بندی میں حال ہی میں توسیع پر اتفاق کیا تھا، لیکن اس کے باوجود اسرائیلی حملوں میں مزید شدت آ گئی ہے۔ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں مزید اندر تک پیش قدمی کر رہی ہے اور جنوبی علاقوں کے تمام رہائشیوں کو شمال کی جانب منتقل ہونے کے احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔
لبنان کے معروف عربی اخبار نے لکھا کہ یہ اندازہ لگانا آسان نہیں کہ امریکی سرپرستی میں پینٹاگون میں ہونے والے براہِ راست لبنانی-اسرائیلی فوجی مذاکرات کیا نتائج دے سکتے ہیں۔
دوسری جانب لبنانی وزیراعظم نواف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان پر اسرائیل کے مسلسل حملوں کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملے فوری جنگ بندی، اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا اور ریاستی عملداری کو پورے لبنان تک توسیع دینے کے عزم کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔