جنگ بندی ہی مذاکرات کو آگے بڑھانے کا واحد راستہ ہے ، لبنانی صدر نےمارکو روبیوکو بتا دیا
انہوں نے جنگ بندی کے لیے تمام ممکنہ کوششیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر اصرار کیا۔
فائل فوٹو
بیروت: لبنانی صدر جوزف عون نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو پر واضح کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی ہی مذاکرات کو آگے بڑھانے کا واحد راستہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ بات لبنانی صدر کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں بتائی گئی، جس کے مطابق صدر جوزف عون اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ یہ اہم رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسرائیل اور لبنان کے فوجی وفود پینٹاگون میں ملاقات کر رہے ہیں۔
لبنانی صدر نے گفتگو کے دوران زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن اور کسی بھی اگلے مرحلے کی طرف بڑھنے کے لیے جنگ بندی اولین ترجیح اور ایک ناگزیر گیٹ وے ہے۔ انہوں نے جنگ بندی کے لیے تمام ممکنہ کوششیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر اصرار کیا۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واشنگٹن میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان سفیروں کی سطح پر ہونے والے گزشتہ مذاکراتی اجلاسوں کے نتائج کو مستحکم کرنے کے لیے امریکی انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے لبنان کے استحکام، آزادی اور خود مختاری کے لیے امریکا کی مکمل حمایت کا بھی اظہار کیا۔