آبنائے ہرمز سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں دو درجن جہاز بحفاظت گزرے۔ پاسدارانِ انقلاب

مذکورہ 24 جہازوں میں تیل بردار ٹینکرز اور کنٹینر بردار بحری جہاز بھی شامل تھے

May 30, 2026 · بام دنیا

آبنائے ہرمز۔ فائل فوٹو

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری ایک بیان مںی یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کی بحریہ کے تعاون اور سکیورٹی نگرانی میں 24 تجارتی بحری جہازوں نے بحفاظت آبنائے ہرمز سے عبور کر لیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا اور کہا کہ مذکورہ 24 جہازوں میں تیل بردار ٹینکرز اور کنٹینر بردار بحری جہاز بھی شامل تھے، جنھوں نے ضروری اجازت نامے حاصل کرنے کے بعد آبنائے ہرمز سے سفر کیا اور اس دوران انھیں ایرانی بحریہ کی سکیورٹی حاصل رہی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’پاسدارانِ انقلاب آبنائے ہرمز پر مسلسل اور کنٹرول برقرار رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت یا خطرے کا ’فیصلہ کن جواب‘ دینے کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق انھوں نے فروری کے آخر میں ایران کے خلاف شروع ہونے والی امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کے بعد مارچ کے اوائل سے اس اہم آبی گزرگاہ پر کنٹرول سنبھال رکھا ہے جسے ایران اپنے دفاعی اقدامات کا حصہ قرار دیتا ہے۔

ان اقدامات کے نتیجے میں آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمدورفت پر بعض پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی تقریباً 20 فیصد ترسیل ہوتی ہے۔