ایران کا چین اور روس کے لیے آبنائے ہرمز میں خصوصی تعاون جاری رکھنے کا اعلان
تہران اپنے اسٹریٹجک شراکت دار ممالک کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر تعاون کو برقرار رکھے گا
ایران کا چین اور روس کے لیے آبنائے ہرمز میں خصوصی تعاون جاری رکھنے کا اعلان
تہران: ایران نے چین اور روس کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دونوں ممالک کے جہازوں کے لیے خصوصی تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے اپنے بیان میں کہا کہ تہران اپنے اسٹریٹجک شراکت دار ممالک کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر تعاون کو برقرار رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین اور روس کے جہازوں کے ساتھ آبنائے ہرمز میں خصوصی سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔
ابراہیم عزیزی نے ایران اور پاکستان کے درمیان ہونے والے حالیہ مشاورتی اجلاس کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ سفارتی رابطوں میں افزودہ یورینیم کی منتقلی کا معاملہ زیر غور نہیں آیا۔ ان کے مطابق امریکا کے ساتھ ہونے والے رابطوں میں بھی یہ موضوع شامل نہیں۔
دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر اور پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر محسن رضائی نے امریکا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کے اقدامات سے سفارتی عمل متاثر ہو رہا ہے۔
محسن رضائی کا کہنا تھا کہ امریکا مذاکرات میں غیر ضروری مطالبات کر رہا ہے جبکہ دباؤ کی پالیسی اعتماد سازی کے عمل کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور علاقائی شراکت داریوں کے تحفظ کے لیے اپنی پالیسی پر قائم رہے گا۔