کانگو میں ایبولا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا،صورتحال انتہائی تشویشناک ہوگئی
ایک ہزار سے زائد مشتبہ کیسز رپورٹ جبکہ کم از کم 246 افراد ہلاک ہوچکے ہیں
طبی امدادی تنظیم ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے خبردار کیا ہے کہ جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ نے ایک ’انتہائی تشویشناک‘ صورتحال پیدا کر دی ہے۔
وبا کے اعلان کے دو ہفتے بعد تنظیم کے نائب ڈائریکٹر ڈاکٹر ایلن گونزالیز نے کہا کہ ماضی میں کبھی بھی ایبولا کے کسی پھیلاؤ میں اتنی کم مدت میں اتنے زیادہ کیسز سامنے نہیں آئے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم گیبریئسز نے وائرس پر قابو پانے کی کوششوں کا جائزہ لینے کے لیے مشرقی کانگو کے صوبے ایتوری کا دورہ کیا، جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے۔
جمہوریہ کانگو میں اب تک ایبولا کے ایک ہزار سے زائد مشتبہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ کم از کم 246 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پڑوسی ملک یوگنڈا میں بھی ایبولا کے نو تصدیق شدہ کیسز اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
سنیچر کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں ڈاکٹر گونزالیز نے کہا کہ ’صوبہ ایتوری میں ایبولا کی وبا کے اعلان کے دو ہفتے بعد صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ایبولا کی کسی بھی وبا میں اعلان کے اتنے کم عرصے بعد اتنی بڑی تعداد میں کیسز پہلے کبھی سامنے نہیں آئے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ زمینی سطح پر کام کرنے والی ان کی ٹیمیں ایسے حالات کا سامنا کر رہی ہیں جو وبا کے تیز رفتار پھیلاؤ کا مؤثر طور پر مقابلہ کرنے میں ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکا۔