آئی ایم ایف نے بجٹ میں جی ایس ٹی بڑھانے کی تجویز دیدی
جی ایس ٹی میں اضافے سے سولر پینلز، الیکٹرک کاریں مہنگی ہونے کا امکان ہے
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان کو تجویز دی ہے کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی معیاری شرح 18 فیصد سے بڑھا کر 19 فیصد کی جائے۔ تاہم پاکستانی حکام اب تک اس تجویز کی سخت مخالفت کر رہے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق جی ایس ٹی میں اضافے سے سولر پینلز، الیکٹرک کاریں مہنگی ہونے کا امکان ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے تجویز محصولات کے ہدف کے حصول میں ناکامی کو دیکھتے ہوئے پیش کی ، صرف ایک فیصد اضافے سے 300ارب روپے اضافی ملیں گے۔
وزارت صنعت و پیداوار کے حکام کا کہنا ہے کہ اضافے کی تجویز زیر غور مگر حتمی فیصلہ نہیں ہوا، جبکہ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگریال نے کہا ہے کہ ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، وزارت خزانہ اور ایف بی آر حکام نے جی ایس ٹی میں اضافے کی تجاویز کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔