رمی کی تکمیل کے بعد جمرات کمپلیکس کے گیٹ مقفل
جمرات کمپلیکس کے یہ تمام گیٹ اب سال بھر عام زائرین کے لیے بند رہیں گے
مناسکِ حج کے اختتام کے بعد سعودی حکام نے منیٰ میں شیطان کو کنکریاں مارنے کے تاریخی مقام (جمرات کمپلیکس) کے تمام حفاظتی گیٹ باضابطہ طور پر مقفل کر دیئے ہیں۔
مشائر مقدسہ کی سکیورٹی اور انتظامی امور کے ذمہ دار حکام کے مطابق، حجاج کرام کی جانب سے جمرات پر رمی کا عمل مکمل ہونے اور منیٰ سے روانگی کے فوراً بعد جمرات کے تمام منزلوں کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرنے کا آپریشن مکمل کیا گیا۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جمرات کمپلیکس کے یہ تمام گیٹ اب سال بھر عام زائرین کے لیے بند رہیں گے اور انہیں باقاعدہ طور پر آئندہ سال (1448 ہجری) کے حج سیزن کے دوران مشاعر مقدسہ کے مخصوص ایام (ایامِ تشریق) میں ہی دوبارہ کھولا جائے گا۔
یہ اقدام مشاعر مقدسہ کے فیلڈ آپریشنز کو سمیٹنے، کمپلیکس کی دیکھ بھال، اگلے سال کے لیے صفائی ستھرائی اور فنی و تکنیکی جائزہ لینے کے سالانہ انتظامی منصوبے کا حصہ ہے ۔