تائیوان میں فوجی تربیتی طیارہ گر کر تباہ۔ 2 پائلٹ ہلاک
انجن فیل ہونے کی صورت میں محفوظ لینڈنگ کی مشق کے دوران طیارہ گرا
June 2, 2026 · بام دنیا
تائیوان میں فوجی تربیتی طیارہ انجن فیل ہونے کی صورت میں محفوظ لینڈنگ کی مشق کے دوران گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔
میڈیا کے مطابق تائیوان کی وزارتِ دفاع نے جاری بیان میں کہا ہے کہ منگل کو ٹی-34 تربیتی طیارہ صبح 8 بج کر 8 منٹ پر تائیوان کے جنوبی ساحلی شہر کاؤشیونگ میں واقع گانگشان ایئر بیس کے رن وے کے شمالی سرے کے قریب گر کر تباہ ہوا۔
فضائیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ہلاک ہونے والے پائلٹس کی شناخت صرف ان کے عہدوں اور خاندانی ناموں سے ظاہر کی گئی ہے۔ ان میں لیفٹیننٹ کرنل لو اور لیفٹیننٹ کرنل گو شامل ہیں۔