امریکا ایران کشیدگی میں اضافہ،تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

برینٹ کروڈ کی قیمت 98 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کروڈ 95 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔

June 4, 2026 · بام دنیا

امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی اور ایک دوسرے پر مبینہ میزائل حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق برینٹ کروڈ کی قیمت 98 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کروڈ 95 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔

ادھر عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔ ایشیائی اور یورپی مارکیٹس میں معمولی اتار چڑھاؤ رہا جبکہ بعض بازاروں میں مندی غالب رہی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی منفی رجحان دیکھا گیا، جہاں ہنڈریڈ انڈیکس 831 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 70 ہزار 190 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

یورپ کی بڑی مارکیٹوں جن میں جرمنی، فرانس اور برطانیہ شامل ہیں، میں بھی مندی دیکھی گئی، جبکہ ہانگ کانگ اور بھارتی اسٹاک مارکیٹس میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس کے برعکس جاپان کی نکیئی انڈیکس میں دو فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جس سے وہاں مثبت رجحان برقرار رہا۔