یوکرین کا روسی اقتصادی فورم کے دوران بڑا حملہ

روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں یوکرین کی جانب سے ڈرون حملوں کے بعد مختلف علاقوں سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا

June 4, 2026 · بام دنیا

روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں یوکرین کی جانب سے ڈرون حملوں کے بعد مختلف علاقوں سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا، جبکہ اسی دوران روس کا اہم بین الاقوامی اقتصادی فورم بھی جاری ہے جس میں دنیا بھر سے ہزاروں مندوبین شریک ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین نے شہر کے آئل ٹرمینل اور کرونشٹاڈ بحری اڈے کو نشانہ بنایا۔ یوکرینی حکام کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں کے دوران ایک روسی جنگی جہاز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

سینٹ پیٹرزبرگ کے گورنر کے مطابق حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ بعض تنصیبات کو نقصان پہنچا، تاہم کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی۔

دوسری جانب روسی حکام نے ان حملوں کے بعد مناسب ردعمل دینے کا عندیہ دیا ہے جبکہ سیکیورٹی صورتحال مزید سخت کر دی گئی ہے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ان کارروائیوں کو روسی حملوں کے جواب میں “منصفانہ ردعمل” قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر حملے جاری رہے تو مزید کارروائیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔

یوکرینی حکام کے مطابق ان حملوں کا مقصد سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم کو متاثر کرنا بھی تھا، جہاں 130 سے زائد ممالک کے تقریباً 20 ہزار شرکاء کی آمد متوقع ہے۔