قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو غیر ملکی دوروں پر اخراجات کی پیشگی ادائیگی
کھلاڑیوں کو پرو لیگ اور ورلڈکپ کی مد میں ایڈوانس الاؤنس بھی فراہم
وزیراعظم کی جانب سےورلڈکپ میں کوالیفائی کرنےکی مد میں 15لاکھ دیےگئے__فوٹو: فائل
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر 4 کروڑ 50 لاکھ روپے ادا کر دیے ہیں۔ ہر کھلاڑی کو 22 لاکھ روپے فراہم کیے گئے ہیں، جن میں پرو لیگ کے لیے رقم اور ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے پر وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ انعامی رقم بھی شامل ہے۔
قومی ہاکی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 22 لاکھ روپے دیے گئے ہیں، کھلاڑیوں کو 7 لاکھ روپے پرو لیگ کی مد میں بھی فراہم کیے گئے۔ وزیراعظم کی جانب سے ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے کی مد میں 15 لاکھ روپے دیے گئے۔
پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ایونٹ میں جانے سے قبل رقم ایڈوانس میں دی گئی۔ پرولیگ کے لیے کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس کی مد میں 110 ڈالرز کے حساب سے رقم فراہم کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات دیکھے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ کھلاڑی پرو لیگ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔
پاکستان ہاکی ٹیم 13 سے 20 جون تک بیلجیئم میں میزبان ٹیم اور اسپین سے پرولیگ کے چار میچ کھیلے گی، بھارت اور انگلینڈ کے ساتھ 23 سے 27 جون تک انگلینڈ میں پرولیگ کے چار میچز میں حصہ لے گی۔
قومی ہاکی ٹیم پرولیگ میں شرکت کے بعد نیدر لینڈز اور بیلجیئم میں 14 سے 30 اگست تک ہاکی ورلڈکپ میں بھی ایکشن میں ہوگی۔