صرف نور مقدم نہیں،تمام بیٹیوں کے ساتھ کھڑا ہوں:شوکت مقدم
صدر سے اپیل کروں گا ظاہر جعفر کی رحم کی اپیل مسترد کریں،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد گفتگو
فائل فوٹو
اسلام آباد : نور مقدم کے والد شوکت مقدم نے کہا کہ یہ صرف نور مقدم کا کیس نہیں بلکہ پاکستان کی تمام بیٹیوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت مقدم نے بتایا کہ انہیں تیسرے فریق کے ذریعے سیٹلمنٹ کی کوشش کی گئی لیکن میں نے کسی طور پر کمپرومائز سے انکار کیا۔
شوکت مقدم کا کہنا ہے کہ صدر سے اپیل کروں گا کہ ظاہر جعفر کی رحم کی اپیل مسترد کریں، صدر مملکت کی اپنی بھی دو بیٹیاں ہیں۔
شوکت مقدم نے کہا کہ سزا پر عملدرآمد ہونا چاہیے، ٹرائل کورٹ سے سپریم کورٹ تک میڈیا نے ہمارا بہت ساتھ دیا، میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
شوکت مقدم نے مزید کہا کہ بیٹیوں اور بچیوں کو یہی پیغام دوں گا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی کی مجال نہیں کہ مجھے دھمکی دے سکے اور ایسے عورتوں کو یرغمال بنا کر مارا جائے تو سول سوسائٹی خاموش نہیں رہے گی، اسی لیے میں کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں مرکزی مجرم ظاہر جعفر کی سزائے موت کے خلاف نظرثانی درخواست مسترد کر دی اور سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھا۔