پاکستان نے آسٹریلیا کو4 وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے سیریز جیت لی

کپتان شاہین آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

June 4, 2026 · اسپورٹس
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

لاہور: پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز1-2 سے اپنے نام کر لی۔

 آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کےلیے 158 رنز کا ہدف دیا تھا جو قومی ٹیم نے 42ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی طرف سے بابر اعظم 40 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ شاداب خان نے 28 اور معاذ صداقت نے 27 رنز بنائے۔سلمان آغا 15، عرفات منہاس 9، غازی غوری 8 اور صاحبزادہ فرحان 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کپتان شاہین آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو کوہنیمین نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ناتھن ایلس، میٹ رینشا اور میتھیو شارٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بولرز نے آسٹریلین بلے بازوں کو قابو کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن 157 رنز پر سمیٹ دی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان جوش انگلس نے سب سے زیادہ 65 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مارنس لبوشین، ایلکس کیری نے 19، 19 اور ایڈم زیمپا نے 10 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، شاداب خان اور ابرار احمد نے دو، دو جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ لی۔

خیال رہے کہ یہ سیریز کا فیصلہ کن ون ڈے ہے، پہلے میچ میں پاکستان نے جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی۔

ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف مزید اچھی بولنگ کرنا پڑے گی۔ بارش سے زیادہ اثر نہیں پڑا ہوگا، اسپینرز سے اچھی مدد ملے گی۔