مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فائرنگ۔ 18 سالہ فلسطینی شہید

بیتین گاؤں پر چھاپے کے دوران گولیاں اور شیل فائر کیے گئے۔ آگ بھڑک اٹھی

June 5, 2026 · بام دنیا

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی کارروائی کے دوران ایک 18 سالہ فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق رام اللہ کے مشرق میں واقع گاؤں بیتین پر اسرائیلی فوج کے چھاپے کے دوران فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوا۔ شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت 18 سالہ ہیثم عزالدین عمر حمیدہ کے نام سے کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران اسرائیلی فورسز نے براہِ راست گولیاں چلائیں، گرینیڈ پھینکے اور آنسو گیس کے شیل استعمال کیے۔ گیس شیلوں کے باعث گاؤں کے وسط میں واقع زرعی اراضی میں آگ بھی بھڑک اٹھی جس سے فصلوں کو نقصان پہنچا۔
وفا نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حکام نے شہید نوجوان کی میت بھی اہلِ خانہ کے حوالے نہیں کی اور اسے اپنی تحویل میں رکھا ہوا ہے۔