زیلنسکی کی پیوٹن کو براہ راست ملاقات کی پیشکش
جنگ بہت ہوچکی، فیصلہ اب آپ کے ہاتھ میں ہے۔ زیلنسکی کا پیوٹن کو خط
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو دوطرفہ ملاقات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بہت ہوچکی، اب فیصلہ کرنا روس کے ہاتھ میں ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یوکرینی صدر نے پیوٹن کے نام ایک خط بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے جنگ کے خاتمے اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کی فوج اس سال ڈونیٹسک کے علاقے پر روسی قبضے کی کوشش ناکام بنا دے گی۔
زیلنسکی نے مؤقف اختیار کیا کہ یوکرین مذاکرات کے دوران جنگ بندی کے لیے تیار ہے اور اس عمل کی نگرانی امریکا، روس اور یوکرین مشترکہ طور پر کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر روس جنگ بندی پر آمادہ نہ ہوا تو یوکرین لڑائی جاری رکھنے کے لیے بھی تیار ہے۔
یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ جنگ ختم نہ کی گئی تو فریقین کو اپنی بقا کے لیے مزید سخت حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔