ایرانی دعویٰ بے بنیاد، ہمارے جہازوں پر کوئی وارننگ فائر نہیں کیا گیا، امریکی فوج

ایسا کرنا جنگ بندی کی واضح خلاف ورزی ہوتا،ایکس پر بیان

June 5, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی فوج نے ایران کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ اس نے امریکی جنگی جہازوں پر وارننگ شاٹس فائر کیے تھے، اور کہا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی افواج نے امریکی بحری جہازوں پر نہ کوئی حملہ کیا ہے اور نہ ہی ان پر فائرنگ کی گئی ہے۔ ایسا کرنا جنگ بندی کی واضح خلاف ورزی ہوتا۔

اس سے قبل ایرانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے اعلان کیا تھا کہ ملک کی بحریہ نے بحیرۂ عمان میں امریکی ڈسٹرائرز پر وارننگ شاٹس فائر کیے۔

ایرانی ٹیلی ویژن نے ایسی ویڈیوز بھی نشر کیں جن کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ وارننگ فائر کے مناظر ہیں، جن میں ایک موبائل لانچر سے میزائل فائر کرتے ہوئے اور ایک ڈرون کے اڑان بھرنے کے لمحات دکھائے گئے۔

ایرانی فوجی بیان کے مطابق یہ کارروائی امریکی بحریہ کی جانب سے ’سمندری خلاف ورزیوں، ہراسانی اور تجارتی جہازوں اور آئل ٹینکروں کے اغوا” کے خلاف جاری اقدامات کا حصہ تھی۔

تاہم امریکہ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے دعوؤں کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔