محسن نقوی کی روس سمیت 5 ممالک کے وزرائے داخلہ سےاہم ملاقاتیں

انسدادِ دہشت گردی،غیر قانونی امیگریشن اور انسدادِ منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔

June 6, 2026 · بام دنیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے داخلہ اجلاس کے موقع پر روس، تاجکستان، ازبکستان، کرغزستان اور قازقستان کے وزرائے داخلہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی، غیر قانونی امیگریشن اور انسدادِ منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولٹسیف کے ساتھ ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، غیر قانونی طور پر مقیم شہریوں کی وطن واپسی اور انسدادِ منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

تاجکستان کے وزیر داخلہ رمضان رحیم زادہ کے ساتھ ملاقات میں افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں، دہشت گردوں کے کیمپوں اور منشیات کی پیداوار سے پیدا ہونے والے سیکورٹی خدشات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ افغانستان میں دہشت گردی اور منشیات کی سرگرمیاں پورے خطے کے لیے خطرہ ہیں۔

ازبکستان کے وزیر داخلہ میجر جنرل عزیز تاشپولاتوف کے ساتھ ملاقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون اور مشترکہ تربیتی پروگراموں پر غور کیا گیا، جبکہ دونوں وزارتوں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے کے لیے ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
کرغزستان کے وزیر داخلہ نیاز بیکوف اولان اوموکانوچ کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے کرغزستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ایس سی او اجلاس کے بہترین انتظامات پر اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

قازقستان کے وزیر داخلہ یرژان سادینوف کے ساتھ ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور سیکورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے وزارت داخلہ کی سطح پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔