ایران کی لبنانی فوج پر اسرائیلی حملے کی مذمت
یہ کھلی جارحیت کا پیغام ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل لبنان کے لیے نہ سکیورٹی چاہتا ہے، نہ استحکام اور نہ ہی خوشحالی، ترجمان وزارتِ خارجہ
فائل فوٹو
تہران: ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے لبنانی فوج کے دو افسران اور ایک اہلکار کو قتل کرنا اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ اسرائیل ’لبنان کو اس کے تمام پہلوؤں سمیت اپنا بنانے کا دعویٰ کر رہا ہے‘۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں اسماعیل بقائی نے اس حملے کو ’لبنان، اس کی فوج اور اس کی خودمختاری کے خلاف ایک سنگین جرم‘ قرار دیا، اور کہا کہ یہ کھلی جارحیت کا پیغام ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل لبنان کے لیے نہ سکیورٹی چاہتا ہے، نہ استحکام اور نہ ہی خوشحالی۔
انھوں نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ فوجیوں، مزاحمت کاروں اور عام شہریوں میں کوئی فرق نہیں کرتا، اور سب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں، لبنانی فوج، حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔