چین کا پاکستان کے ایران امریکہ مذاکرات میں کردار کو خراجِ تحسین
چین کا ایران کی خودمختاری اور اقتصادی تعاون کی مکمل حمایت کا اعلان
ایران میں چین کے سفیر کانگ پیوو نے کہا ہے کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ کے لیے جاری کوششوں اور ایران اور امریکہ کے درمیان عارضی جنگ بندی میں سہولت کاری پر پاکستان کے کردار کو سراہتا ہے، خصوصاً اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی میزبانی کو مثبت قدم قرار دیا گیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی سفیر نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، اور خطے کے تمام تنازعات کا حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ چین ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی تعمیری کوششیں جاری رکھے گا۔
کانگ پیوو نے کہا کہ چین کا خطے میں کوئی ذاتی مفاد نہیں بلکہ اس کی پالیسی ہمیشہ امن، استحکام اور ترقی کے فروغ پر مبنی رہی ہے۔ ان کے مطابق مستقل جنگ بندی کے لیے مذاکراتی عمل کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کو عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے ایک اہم اور حساس راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی سلامتی اور کھلا رہنا پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔
چینی سفیر نے مزید کہا کہ ایران اور چین کے درمیان معمول کی تجارتی سرگرمیاں کسی بھی بیرونی دباؤ سے متاثر نہیں ہوں گی، اور چین کسی بھی طاقت کو دونوں ممالک کے جائز اقتصادی تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی نے ثابت کیا ہے کہ بین الاقوامی قوانین اور کثیرالجہتی نظام کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔