تمیم اقبال بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے نئے صدر منتخب
ڈھاکا میں ہونے والے انتخاب میں تمیم اقبال بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے، کیونکہ وہ اس عہدے کے واحد امیدوار تھے
تمیم اقبال بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے نئے صدر منتخب
بنگلہ دیش کے سابق کپتان تمیم اقبال کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔
بین الاقوامی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ڈھاکا میں ہونے والے انتخاب میں تمیم اقبال بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے، کیونکہ وہ اس عہدے کے واحد امیدوار تھے۔ وہ آئندہ چار سال کے لیے بورڈ کی قیادت سنبھالیں گے۔ اس سے قبل وہ مختصر مدت کے لیے عبوری انتظامی کمیٹی کے سربراہ کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔
بنگلہ دیش کی حکومت نے اپریل میں سابق انتظامیہ کی تحلیل کے بعد عبوری سیٹ اپ کے تحت نئے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد بورڈ کے ڈھانچے کی ازسرنو تشکیل کی گئی۔
انتخابی عمل ڈھاکا میں واقع شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوا، جہاں دن بھر ووٹنگ کا عمل جاری رہا۔ اس دوران روایتی طریقۂ کار کے ساتھ ساتھ ای ووٹنگ کا بھی استعمال کیا گیا۔
انتخابات کے نتیجے میں مختلف کیٹیگریز سے 23 ڈائریکٹرز منتخب ہوئے جبکہ بعد ازاں حکومت کی جانب سے مزید دو نمائندوں کا تقرر کیا گیا، جس کے بعد 25 رکنی بورڈ مکمل ہوا۔
تمیم اقبال بنگلہ دیش کرکٹ کی تاریخ کے نمایاں ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 391 بین الاقوامی میچز کھیلے اور اپنی جارحانہ بیٹنگ سے عالمی سطح پر پہچان بنائی۔
بطور کپتان انہوں نے 38 میچز میں ٹیم کی قیادت کی اور 21 فتوحات حاصل کیں، جن میں 2022 میں جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی ون ڈے سیریز فتح بھی شامل ہے۔
2025 کے آغاز میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں سرگرم رہے، تاہم بعد ازاں ایک میچ کے دوران طبی مسئلے کے باعث ان کے کرکٹ کیریئر کا باب عملی طور پر بند ہو گیا۔