جوہری تنصیبات پر حملے فوری روکنے کا مطالبہ

ایسے حملے آگ سے کھیلنےکے مترادف ہیں اور انہیں ہرگز نہیں ہونا چاہیے۔

June 8, 2026 · بام دنیا

بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ نے چرنوبل کے ممنوعہ علاقے میں ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے حملے آگ سے کھیلنےکے مترادف ہیں اور انہیں ہرگز نہیں ہونا چاہیے۔
آئی اے ای اے نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اسے یوکرین کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ چرنوبل کے ممنوعہ علاقے میں واقع سنٹرل اسپنٹ فیول اسٹوریج فیسلٹی کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

موقع پر موجود ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ حملے کے باوجود تنصیب کے اطراف تابکاری کی سطح معمول کے مطابق رہی اور کسی غیر معمولی اضافے کی اطلاع نہیں ملی۔آئی اے ای اے کی معائنہ ٹیم نے حملے کے اثرات کا جائزہ لیا جس میں ایندھن وصول کرنے والی عمارت کے ایک حصے کو شدید نقصان پہنچنے کی نشاندہی کی گئی۔ اس کے علاوہ ایجنسی کے حفاظتی نگرانی کے دفتر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے اس واقعے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جوہری تحفظ کے حوالے سے ایک خطرناک صورتحال تھی۔انہوں نے کہا کہ بڑی مقدار میں جوہری مواد رکھنے والی تنصیبات پر حملہ آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے، اور ایسا کبھی نہیں ہونا چاہیے۔