پاکستان کرکٹ بورڈ کا بڑا فیصلہ، شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ ٹیم سےڈراپ

انہیں محدود اوورز کی ٹیم کے 27 کھلاڑیوں میں شامل رکھا گیا ہے اور ان کی رپورٹنگ 15 جون کو متوقع ہے۔

June 8, 2026 · اسپورٹس

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سیزن کے لیے ریڈ بال اسکواڈ کی تشکیل میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ ٹیم کے کیمپ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں 49 کھلاڑیوں کو مختلف کیمپس کے لیے طلب کیا گیا ہے جن میں سے 22 کھلاڑیوں کو طویل فارمیٹ جبکہ 27 کھلاڑیوں کو محدود اوورز کی کرکٹ کے کیمپ میں شامل کیا گیا ہے۔

کیمپ کے شیڈول کے مطابق وائٹ بال کھلاڑیوں کا کیمپ 18 ستمبر سے شروع ہوگا جبکہ ریڈ بال کھلاڑیوں کا کیمپ 10 جولائی تک جاری رہے گا۔ ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے ممکنہ کیمپ 15 جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن پینل نے شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ کیمپ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم انہیں محدود اوورز کی ٹیم کے 27 کھلاڑیوں میں شامل رکھا گیا ہے اور ان کی رپورٹنگ 15 جون کو متوقع ہے۔

خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ شاہین شاہ آفریدی نے دسمبر 2017 میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ وہ اب تک 34 ٹیسٹ میچوں میں 126 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ سیریز میں ان کی کارکردگی اور بولنگ کی رفتار پر سوالات اٹھائے گئے تھے، جس کے بعد ٹیم انتظامیہ نے ریڈ بال کرکٹ میں ان کے کردار پر نظرثانی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق بورڈ کو یہ بھی خدشہ ہے کہ شاہین شاہ آفریدی طویل فارمیٹ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں کم حصہ لیتے ہیں، جس کے باعث ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

اسی پس منظر میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مستقبل میں انہیں ٹیسٹ ٹیم کے لیے زیر غور نہیں لایا جائے گا، جبکہ وہ محدود اوورز کی کرکٹ میں اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔