جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 4 افراد جاں بحق

لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں تیز، متعدد علاقوں پر بمباری اور گولہ باری

June 9, 2026 · بام دنیا

جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی (این این اے) کے مطابق مختلف علاقوں میں ہونے والے حملوں میں شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق قصبہ عدشیت میں یاسین پولٹری فارمز کے مالک عماد احمد یاسین اپنے فارم پر ہونے والے فضائی حملے میں جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ قصبہ حبوش کے علاقے الشریفہ میں 16 سالہ اسامہ حسن الخالد اپنے گھر کے سامنے اسرائیلی ڈرون حملے کا نشانہ بنے اور جان کی بازی ہار گئے۔

ادھر قصبہ کفر رمان کے علاقے المرج میں علی الصبح ہونے والے ڈرون حملے میں مزید دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

این این اے کے مطابق آج صبح شہر نبطیہ، کفر صیر اور کفر صیر و صیر الغربیہ کے درمیانی علاقے میں بھی اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے، جبکہ قصبہ جبشیت پر وقفے وقفے سے توپ خانے کے گولے برسائے گئے۔