24 سال بعدپاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی

جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم نے پاکستان کے دورے کی تصدیق کر دی ہے

June 9, 2026 · اسپورٹس

لاہور: پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی واپسی کی باضابطہ تصدیق ہو گئی ہے، جسے ملکی کھیلوں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے مطابق جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم نے پاکستان کے دورے کی تصدیق کر دی ہے، اور یہی ٹیم 24 سال بعد ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی کے سلسلے میں پہلی مہمان ٹیم ہوگی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ہاکی میچز آئندہ ماہ جولائی میں اسلام آباد میں کھیلے جانے کا امکان ہے، جبکہ سیریز کا حتمی شیڈول آئندہ دو سے تین روز میں طے کر لیا جائے گا۔

پی ایچ ایف حکام کا کہنا ہے کہ اس دورے سے پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کی مکمل بحالی کی راہ ہموار ہوگی اور دیگر ممالک کی ٹیموں کو بھی پاکستان آنے کی ترغیب ملے گی۔

واضح رہے کہ 2024 میں جرمنی کی جونیئر ٹیم سمیت کچھ کلب لیول کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں، تاہم کسی بھی سینئر نیشنل ٹیم کا یہ پہلا باقاعدہ دورہ ہوگا۔

کھیلوں کے ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان ہاکی کے لیے ایک مثبت سنگ میل ہے جو ملک میں اس کھیل کی بحالی اور بین الاقوامی سطح پر اس کی ساکھ بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔