ایشین گیمز 2026:صاحبزادہ فرحان قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان مقرر
مقابلے جاپان کے شہر آئیچی میں 24 ستمبر سے شروع ہوں گے، جبکہ طلائی، چاندی اور کانسی کے تمغوں کے فیصلے 3 اکتوبر کو ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین گیمز 2026 کے لیے قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت تجربہ کار بیٹر صاحبزادہ فرحان کریں گے جبکہ عبدالصمد کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
ایشین گیمز میں کرکٹ کے مقابلے جاپان کے شہر آئیچی میں 24 ستمبر سے شروع ہوں گے، جبکہ طلائی، چاندی اور کانسی کے تمغوں کے فیصلے 3 اکتوبر کو ہوں گے۔
30 سالہ صاحبزادہ فرحان پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھا چکے ہیں۔ وہ اب قومی ٹیم کو ایشین گیمز میں کامیابی دلانے کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
اسکواڈ میں کئی نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے۔ عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت اور سعد مسعود پہلی مرتبہ پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے منتظر ہیں۔
پی سی بی کے مطابق اسکواڈ کے بیشتر کھلاڑی 15 جون سے لاہور میں شروع ہونے والے وائٹ بال ٹریننگ کیمپ میں بھی شرکت کریں گے، جہاں انہیں ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے خصوصی تربیت دی جائے گی۔
قومی اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔
کرکٹ شائقین کو امید ہے کہ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا یہ امتزاج ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے بہترین نتائج حاصل کرے گا۔